معلومات المواد باللغة العربية

www.kitabosunnat.comکتاب وسنت ڈاٹ کام - کتابیں

عناصر کی تعداد: 165

  • اردو

    مقالاتِ محدًث مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ: یہ ایک حقیقت ہے کہ برصغیرپاک وہند میں علم حدیث کی تاریخ تب تلک تشنہ تکمیل رہے گی جب تک علامہ محمد عبد الرحمن محدّث مبارک پوریؒ کا ذکرخیرنہ ہو۔ آپ اپنے وقت کے بہت بڑے محدّث،مفسّر،محقّق،مفتی،ادیب اورنقّاد تھے۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے انہیں علم کی غیرمعمولی بصیرت وبصارت ،نظروفکر کی گہرائی،تحقیق وتنقیح میں باریک بینی اورژرف نگاہی عطاء فرمائی تھی۔ زہد وتقوی،اخلاص وللہیت،حسن عمل اورحسن اخلاق کے پیکرتھے۔ ’’تحفۃ الاحوذی‘‘ ان کا علمی شاہکارہے،اس کے علاوہ دو درجن سے زائد مختلف عناوین پران کی تحقیقی کاوشیں صحیفہ قرطاس پرمرتسم ہیں۔ ’’تحقیق الکلام فی وجوب القراءۃ خلف الامام‘‘ توکئی بار زیور طبع سے آراستہ ہوئی،مگراکثرایسی ہیں جو ایک یا دوبار شائع ہوئیں اورپھر دستیاب نہ ہوسکیں۔ اب ’’ادارۃ العلوم الاثریہ‘‘ آپ کی کمیاب بلکہ نایاب تصانیف کو’’مقالات محدّث مبارکپوری‘‘ کے عنوان سے شائع کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہے جوحسب ذٰیل ہیں: 1-نورالأبصار في تائيد نور الأبصار 2- ضياء الأبصار في ردّ تبصرة الأنظار. 3-ضياء الأبصار في رد تبصرة الأنظار 4-المقالة الحسنى في سنّية المصافحة باليد اليمنى 5-القول السديد فيما يتعلق بتكبيرات العيد 6-تكبيرة الجنائز 8-إعلام أهل الزمن 9-خير الماعون في منع الفرار من الطاعون اس مجموعہ مقالات کی مراجعت ادارہ کے رفیق مولانا حافظ محمد خبیب احمد صاحب نے کی اورمقدور بھرحوالہ جات کا بھی تقابل کیا ہے۔ رب العالمین اس کتاب کے نفع کوعام کرے اورجملہ ناشرین کے حق میں صدقہ جاریہ بنائے آمین۔(ش۔ر)

  • اردو

    ذکرِ الہی کے اسرار ومعرفت پرامام ابن قیّمؒ کی شاہکار کتاب ’’الوابل الصیّب‘‘ کا اردو ترجمہ :ذکرالہی اجڑی بستیوں اوربے قرار روحوں کے لئے متاعِ حیات اوراکسیرہے۔جب پیارے پیغمبرمحمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک صحابی نے پوچھا کہ خیروبھلائی کے بہت سے کام ہیں مجھے ایک ایسا عمل بتادیجئے جوساری بھلائیوں کا خلاصہ ہو تو رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لایزال لسانک رطبا من ذکراللہ‘‘ یعنی ہمیشہ تیری زبان اللہ کے ذکر سے تررہے۔ ذرا تصوّر کیجئے کہ ذکر کی دولت جسے نصیب ہوجائے وہ کتنا خوش نصیب ہے۔ سید داؤد غزنویؒ فرمایا کرتے تھے: ’’جب میں ذکرالہی میں مشغول ہوجاتا ہوں تو مجھے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے میں دنیا کا بادشاہ ہوں۔‘‘اللہ ہزاروں رحمتیں فرمائے شیخ الاسلام امام ابن تیمیہؒ اوران کے نامورشاگرد امام ابن قیمؒ پرجنہوں نے اسلامی علوم ومعارف اوردین کے فلسفہ ومعرفت کے وہ دریا بہائے کہ رہتی دنیا تک خلقت ان کے علم اوربرکتوں سے فیض یاب ہوتی رہےگی۔ یہ کتاب امام ابن قیمؒ کی عظیم شاہکار’’الوابل الصیّب‘‘ کا ترجمہ ہے جسے اردوقالب میں ڈھالنے کی سعادت ہندوستان کے نامورعالم دین مولانا مختاراحمد ندویؒ کے حصہ میں آئی۔اورشیخ الحدیث حافظ عبد العزیزعلوی حفظہ اللہ نے مکمل کتاب پرنظرثانی فرمائی اورمفید حواشی سے اس روحانی نسخہ شفا کو کندن بنادیا ۔ مولانا حافظ محمد خالد سیف حفظہ اللہ کے علمی نکات نے حسن وافادیت کودو چند کردیا۔ طارق اکیڈمی لاہورنے اسے خوبصورت اوراعلی معیارکے زیورطباعت سے آراستہ کرکے ہدیہ قارئین کیا ہے۔

  • اردو

    صفرکا مہینہ اور بدشگونی: ماہِ صفرسے نحوست پکڑنا اہل جاہلیت کا عقیدہ ہےجسےآج سے چودہ سوسال پہلے ہی اسلام نے مکمل طورسے باطل قراردیدیا تھا، لیکن افسوس شرعی علم سے جہالت اورشریعت سے دوری کی وجہ سے یہ عقیدہ دوبارہ مسلم سماج میں درآیا اوراس میں مزید توسًع پیدا ہوگیا۔ کتابچہ ہذا میں اسی باطل عقیدہ کا کتاب وسنت کی روشنی میں رد پیش کیا گیا ہے۔ پیشکش:الہدی شعبہ تحقیق،اسلام آباد۔

  • اردو

    اس دنیا میں انسانوں کے مختلف طبقات میں چھوٹے سے لیکر بڑے تک ،بچے سے لیکر بوڑھے تک،ان پڑھ جاہل سے لیکر ایک ماہر عالم اور بڑے سے بڑے فلاسفر تک،ہر شخص کی جد وجہد اور محنت وکوشش میں اگر غور سے کام لیا جائے تو ثابت ہو گا کہ اگرچہ محنت اور کوشش کی راہیں مختلف ہیں مگر آخری مقصد سب کا قدرے مشترک ایک ہی ہے ،اور وہ ہے امن وسکون کی زندگی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اسی امن وسلامتی کا علم بردارمذہب لے کر آئے۔ اسلام ایک امن وسلامتی والا مذہب ہے ،جو نہ صرف انسانوں بلکہ حیوانوں کے ساتھ بھی نرمی کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس عظیم دین کا حسن دیکھئے کہ اسلام ’’سلامتی‘‘ اور ایمان ’’امن‘‘ سے عبارت ہے اور اس کا نام ہی ہمیں امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا درس دینے کیلئے واضح اشارہ ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ ، صبر و برداشت، عفو و درگزر اور رواداری سے عبارت ہے۔اسلام کی بدولت ایک ایسا معاشرہ تشکیل پایا جو تاریخ انسانی کا سب سے زیادہ باکمال اور شرف سے بھرپور معاشرہ تھا اور اس معاشرے کے مسائل کا ایسا خوشگوار حل نکالا کہ انسانیت نے ایک طویل عرصے تک زمانے کی چکی میں پس کر اور اتھاہ تاریکیوں میں ہاتھ پاؤں مار کر تھک جانے کے بعد پہلی بار چین کا سانس لیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کی بقاء کے لئے سب سے پہلے جان،مال،عزت،خاندان کے تحفظ کا حق اور اجتماعی طور پر پورے انسانی معاشروں کے تحفظ کے حقوق کا نہ صرف رسمی اعلان کیا بلکہ یقینی طور پر اس کے عملی نفاذ کی ضمانت فراہم کرکے جبر واستبداد اور استحصال طرز زندگی کا ناطقہ بند کر دیا۔ زیر تبصرہ کتاب" اسلام کا نظام امن وسلامتی" محترم ابو حمزہ عبد الخالق صدیقی صاحب کی تصنیف ہے،جس میں انہوں نے اسلام کے اسی وصف اور امتیاز کو بڑے احسن انداز میں پیش کیا ہے۔اللہ تعالی ان کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ) تقريظ:شيخ الحديث عبد الله ناصررحمانى حفظه الله. تحقیق:حافظ حامد محمودالخضری،ناشر:انصارالسنہ،پبلیکیشنز،لاہور۔

  • اردو

    تذکرۃ المحدّثین: آسمانِ علم کے آفتابوں،ماہتابوں،روشن ستاروں اورگُلستانِ حدیث کے مہکتے گُلابوں کا رُوح پَرور دِلآویز اورایمان افروز تحقیقی تذکرہ۔ یہ کتاب تین حصّے پر مشتمل ہے: حصّہ اوّل میں دوسری صدی کے آخرسے لے کرچوتھی صدی ہجری کے اوائل تک کے اکثرمشہوراورصاحبِ تصنیف محدثین کرام کے حالات وسوانح اوران کی علمی وحدیثی خدمات کی دلآویز وروح پَرورتفصیل بیان کی گئی ہے ۔ حصّہ دوم میں چوتھی صدی ہجری کے نصف آخر سےآٹھویں صدی ہجری تک کےاکثرمشہوراورصاحب تصنیف محدثین کرام کے حالات وسوانح اوران کی علمی وحدیثی خدمات کی دلآویزوروح پَرور تفصیل ہے۔ حصّہ سوم میں چھٹّی صدی ہجری سے لے کرخانوادہ شیخ عبد الحق محدّث دہلوی تک کے ممتاز اورصاحب تصانیف ہندوستانی محدثین کرام کے حالات وسوانح اوران کی علمی وحدیثی خدمات کی دلآویزوروح پَرورتفصیل ہے۔ یہ کتاب ہراسلامی لائبریری، ہرمدرسہ وتعلیمی ادارہ کی اوّلین اوربنیادی ضرورت ثابت ہوگی۔ حدیثِ رسول اورعلم حدیث سے شغف ودلچسپی رکھنے والے متلاشیان علم کے لئے یہ ایک گرانقدرتحفہ اورمینارہ نورثابت ہوگی۔ تالیف:جناب مولانا ضیاء الدین اصلاحی، تقریظ: شیخ ابوالحسن مبشّراحمد ربّانی تقدیم: جناب مولانا شاہ معین الدین احمد ندوی ناشر: دارالبلاغ ،لاہور،پاکستانَ۔

  • اردو

    مقالاتِ محرّم : واقعہ کربلا تاریخِ اسلام کا ایک ایسا سلگتا موضوع ہے جس کی حدّت چودہ سو سال گزرجانے کے بعد آج بھی محسوس کی جارہی ہے۔ قصائد وحکایات کی دنیا میں تو یہ بہت سہل عنوان ہے اور اس حوالے سے خود ساختہ کہانیوں پر مشتمل بے شمار مواد موجود ہیں مگر تحقیقی انداز میں حقائق پر مبنی مواد بہت کم ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’مقالاتِ محرم‘‘ حافظ محمد ابراہیم کمیر پوری رحمۃ اللہ علیہ کے وہ علمی مقالات ہیں جو انہوں نے مختلف اوقات میں اہلِ بیت کی عقیدت میں تحریر کئے لیکن عقید ت کی رو میں انہوں نے حقیقت کو فراموش نہیں کیا ،ان مقالات میں انہوں نے خاص طور پر ماہ محرّم اور اس کی رسومات اور اس میں پیش آنے واقعا ت کوپیش کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ حافظ رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلند فر مائے اور اس کتاب کو عوام الناس کے لیے مفید بنائے آمین۔(م۔ا) ناشر:جامعہ انوار القرآن، پتوکی

  • اردو

    الفقہ الاسلامی وادلّتہ:دور حاضر کے فقہی مسائل، ادلّہ شرعیہ، مذاہب اربعہ کے فقہاء کی آراء اوراہم فقہی نظریات پرمُشتمل دورجدید کے عین تقاضوں کے مطابق عالم اسلام کے نامور عالمِ دین، ماہرقانون ،ادیب، انشاپرداز ونثرنگار، پروفیسر وہبہ زحیلی حفظہ اللہ کا مرتّب کردہ چھ ضخیم جلدوں وگیارہ حصّوں پر مشتمل ایک علمی ذخیرہ وعظیم فقہی سرمایہ وانسائکلوپیڈیا جس میں احادیث کی تحقیق وتخریج بھی شامل ہے۔ مترجمین:(مفتی ارشاد احمد اعجازؒ،مفتی ابرارحسین،مولاناعامرشہزادعلوی،مفتی کریم اللہ،مولانا امجد اقبال،محمد یوسف تنولی) باہتمام :خلیل اشرف عثمانی، صدر دارالاشاعت کراچی۔

  • اردو

    صحابہ کرام اس امت کے سب سے افضل واعلی لوگ تھے ،انہوں نے نبی کریمﷺ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا،ان کے ساتھ مل کر کفار سے لڑائیاں کیں ، اسلام کی سر بلندی اور اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی کے لئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیا۔ پوری امت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ صحابہ کرام تمام کے تمام عدول ہیں یعنی دیانتدار،عدل اور انصاف کرنے والے ،حق پر ڈٹ جانے والے اور خواہشات کی طرف مائل نہ ہونے والے ہیں۔ صحابہ کرام کے بارے میں اللہ تعالی کا یہ اعلان ہے کہ اللہ ان سے راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں۔ لیکن بعض لوگوں نے صحابہ کرام کے باہمی اجتہادی اختلافات کو سامنے رکھ کر ان میں سے بعض کو بعض پر فضیلت دینا شروع کر دی ہے۔ مشاجرات صحابہ کے بارے میں امت نے ہمیشہ محتاط موقف اختیار کیا ہے اور ان کے باہمی اختلافات کو حسن ظن پر محمول کر کے صحابہ دشمنی سے امکانی حد تک اجتناب کیا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " اسلامی پیغام کے اولین علمبردار " مصر کے معروف عالم دین علامہ سیّد محب الدین الخطیب رحمۃ اللہ علیہ کی عربی تصنیف "حملۃ رسالۃ الاسلام الأوّلون" کا اردو ترجمہ ہے جس کی سعادت محترم محمد اسلم سیف فیروز پوری نے حاصل کی ہے۔ مولف رحمہ اللہ نے اس کتاب میں مشاجرات صحابہ پر بڑی اہم گفتگو کی ہے۔اللہ تعالیٰ مولف کی اس مخلصانہ کوشش کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو صحابہ کرام سے محبت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین(راسخ) تقدیم: پروفیسرغلام حریری رحمہ اللہ۔

  • اردو

    واقعہ کربلا اور ا سکا پس منظر ایک نئےمطالعے کی روشنی میں: نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے جس کی مذمت بہرآئینہ ضروری ہے۔ لیکن اس بنیاد پر ماتم، سینہ کوبی اور سبّ و شتم کا بازار گرم کرنے کی بھی کسی طور تائید نہیں کی جا سکتی۔ زیر نظر کتاب میں مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی نے غیر جانبداری سے سانحہ کربلا پربالدلائل اپنی قیمتی آراء کا اظہار کیا ہے اور اس کا مکمل پس منظر تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے۔ مکمل کتاب 12 ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلا باب شہادت عثمان رضی اللہ عنہ ، خانہ جنگی، صلح حسین رضی اللہ عنہ پر ہے۔ ایک باب یزید کی ولی عہدی کی تجویز اور حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ کے عنوان سے ہے جس میں یزید کی ولی عہدی سے متعلق کھل کر بحث کی گئی ہے۔ باب دہم میں واقعہ کربلا کی مکمل سرگزشت بیان کی گئی ہے۔ جبکہ اس سے اگلے باب میں شہادت کے بعد کی کہانی کو کسی لگی لپٹی کے بغیر بیان کیا گیا ہے۔مولانا نے یزید پر سب و شتم کے مسئلہ کو بھی بڑے احسن انداز سے قلم زد کیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ شہادت حسین رضی اللہ عنہ میں یزید کسی بھی حوالے سے ملوث نہیں تھے۔ فاضل مؤلف نے نہایت عرق ریزی کے ساتھ سانحہ کربلا کے اسباب سے نقاب کشائی کرنے کے ساتھ ساتھ واقعات شہادت میں مبالغہ آمیزی کی بھی قلعی کھولی ہے۔(ع۔م)

  • اردو

    امت ِ مسلمہ کا اس بات پر اجماع ہے کہ دینِ اسلام کامل ہے او راس میں کسی قسم کی زیادتی او رکمی کرنا موجب کفر ہے ۔اس لیے ہر مسلمان کا یہ عقیدہ ہونا چاہیے کہ اللہ تعالی نےہم مسلمانوں پر صرف اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے امر کوواجب قرار دیا ہے کسی اور کی بات ماننا واجب اور فرض نہیں خاص طور پر جب اس کی بات اللہ اور اس کے رسولﷺ کے مخالف ہو۔زیارتِ قبر نبوی سے متعلق سلف صالحین (- صحابہ ،تابعین،تبع تابعین) اور ائمہ کرام کا جو طرز عمل تھا وہ حدیث ،فقہ اور تاریخ کی کتابوں میں مذکور ہے فرمان نبویﷺ لاتشد الرحال إلا ثلاثة ( تین مسجدوں کے علاوہ عبادت اور ثواب کے لیے کسی اور جگہ سفر نہ کیا جائے ) کے پیشِ نظر قرونِ ثلاثہ میں کوئی رسول اللہ ﷺ یا کسی دوسرے کی قبر کی زیارت کے لیے سفر نہیں کرتا تھا ،بلکہ مدینہ میں بھی لوگ قبرنبوی کی زیارت کے باوجود وہاں بھیڑ نہیں لگاتے او رنہ ہی وہاں کثرت سے جانے کو پسند کرتے تھے ۔قبر پرستی کی تردید اور زیارتِ قبر کے مسنون اور بدعی طریقوں کی وضاحت کےلیے علمائے اہل حدیث نے بے شمار کتابیں لکھیں اور رسائل شائع کیے ۔زیر نظر کتاب’’ر وضۂ رسول کی زیارت ’’ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی کتاب ’’الجواب الباہرفی زوار المقابر‘‘ کا اردوترجمہ ہےجس کی سعادت جید عالم دین معروف مترجم مولانا عطاء اللہ ثاقب رحمہ اللہ نےکی ہے اس کتاب میں امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے عقیدہ توحید کی روشنی میں روضۂ رسول ،اولیاء اللہ اور عام مسلمانوں کی قبروں کی زیارت کے احکام ومسائل اور آداب بیان کیے ہیں ۔ اللہ تعالی اس کتاب کے مصنف ،مترجم ،ناشرین کی کوششوں کوقبول قرمائے اور اس کتاب کو لوگوں کے عقائد کی اصلاح کا ذریعہ بنائے (آمین) (م۔ا) تقديم:محمود احمد غضنفرحفظہ اللہ۔ ناشر:دارالبلاغ لاہور۔

  • اردو

    زیرنظر کتاب "مناسک حج"شیخ الاسلام امام ابن تیمیہؒ کی شاندار تصنیف ہے۔جس کا اردو ترجمہ مولانا عبد الرحیمؒ ناظم مکتبہ علوم مشرقیہ دار العلوم پشاورنے کیا ہے۔مولف موصوف نے اس کتاب میں حج کے متعلقہ تمام مسائل اوراس دوران پڑھی جانے والی دعائیں قرآن وحدیث کی روشنی میں جمع کر دی ہیں۔ کتاب کے آخرمیں امام محمد اسماعیل صنعانی رحمۃ اللہ علیہ کا مناسک حج پر تالیف کردہ مختصر رسالہ کو بھی شامل کردیا گیا ہے۔گویا یہ کتاب مناسک حج پردواہم رسالوں کا مجموعہ ہے۔

  • اردو

    زیر تبصرہ کتاب ’’حقیقت حج ‘‘امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ کی تصنیف ہے۔جس میں فریضۂ حج کی اہمیت،عظمت اور فلسفہ وحکمت کوخوب واضح کیاگیا ہے ۔کتاب کے آخرمیں سوئےحرم جانے والے زائرین کےلیے حج وعمرہ کا مسنون طریقہ بھی درج کردیا گیا ہے تاکہ حرمین شریفین میں حاضری کےشب وروز نبی کریمﷺ کے اسوۂ حسنہ کی تعلیمات کی روشنی میں بسر ہوں۔ اس ایڈیشن میں آیات واحادیث کے ترجمے اور حوالہ کے علاوہ عربی عبارتوں اور فارسی اشعار کےترجمہ کا خاصہ اہتمام کیا گیا ہے ۔ تاکہ قارئین مولانا آزاد رحمہ اللہ کےعلم وفضل سے صحیح طور پر استفادہ کرسکیں۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کو قارئین کےلیےنفع بخش بنائے۔ آمین( م۔ا)

  • اردو

    اس کتاب میں کتاب وسنت اورسلف صالحین کے منہج پر فاضل مولف نے حتی الوسع استفسارات کا جواب دینے کی کوشش کی ہے،نیزمختلف فیہ مسائل میں مختلف مکاتب فکر کے دلائل کا محاکمہ کرکے صحیح وراجح موقف کو واضح کیا ہے۔

  • اردو

    فقہ الحدیث: اسلامی طرز زندگی سے متعلق فقہی احکام ومسائل ،امام شوکانیؒ کی فقہ کی معروف کتاب ’’الّدررالبھیۃ‘‘ کا ترجمہ وتشریح بمعہ تخریج وتحقیق تالیف وتخریج: حافظ عمران ایّوب لاہوری حفظہ اللہ تحقیق وافادات: محدّث العصر علّامہ ناصرالدین البانیؒ ناشر: فقہ الحدیث پبلیکشنز،لاہور

  • اردو

    صحیح احادیث کے مطابق رکعاتِ تراویح کی مسنون تعداد آٹھ ہے ۔مسنون تعداد کا مطلب وہ تعداد ہےجو اللہ کے نبی ﷺ سے بسند صحیح ثابت ہے ۔ رکعات تراویح کی مسنون تعداد اوررکعات تراویح کی اختیاری تعداد میں فرق ہے ۔ مسنون تعداد کا مطلب یہ ہے کہ جو تعداد اللہ کےنبی ﷺ سے ثابت ہے او راختیاری تعداد کا مطلب یہ ہے کہ وہ تعداد جو بعض امتیوں نے اپنی طرف سے اپنے لیے منتخب کی ہے یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ ایک نفل نماز ہے اس لیے جتنی رکعات چاہیں پڑھ سکتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’مسنون رکعات تراویح دلائل کی روشنی میں ‘‘مولانا ابو الفوزان کفایت اللہ السنابلی حفظہ اللہ کی تصنیف لطيف ہے جس میں انہو ں نے رکعات تراویح کے سلسلے میں وارد احادیث کی مکمل تحقیق پیش کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ تعداد رکعات تراویج بشمول وتر کل گیارہ رکعات ہیں اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا عمل بھی اسی پر تھا نبی کریم ﷺ کا رمضان او رغیر رمضان میں رات کا قیام بالعموم گیارہ رکعات سے زیادہ نہیں ہوتا تھا اور حضرت جابررضی اللہ عنہ کی روایت کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کوتین رات جو نماز پڑھائی وہ گیارہ رکعات ہی تھیں او ر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بھی مدینے کے قاریوں کو گیارہ رکعات پڑھانے کا حکم دیاتھا اور گیارہ رکعات پڑھنا ہی مسنون عمل ہے ۔امیر المومنین حضر ت عمر بن خطاب ، حضرت علی بن ابی طالب، حضرت ابی بن کعب اور حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہم سے 20 رکعات قیام اللیل کی تمام روایات سنداً ضعیف ہیں ۔

  • اردو

    تکبیراتِ عید کے سلسلے میں عظیم محدّث علّامہ عبد الرحمن مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ کا یہ مختصر رسالہ ہے جو دو ابواب اورخاتمہ پرمشتمل ہے،اس رسالہ میں شرعی دلائل کی روشنی میں یہ ثابت کیا گیا ہے کہ اکثر صحابہ کرام وتابعین عظام اورائمہ مجتہدین کا یہ مسلک ہے کہ نمازعیدین میں بارہ تکبیرکہنا چاہئے،یہی مسلک اولیٰ وقابل عمل ہے،اوراس بارے میں مخالفین کا قول غیراولیٰ ومرجوح ہے۔

  • اردو

    زیر نظر کتاب ’’رمضان المبارک کے فضائل واحکام‘‘مشہورمحدّث عبید اللہ رحمانی مبارکپوری رحمہ اللہ کی تالیف لطیف ہے۔ اس میں ماہِ رمضان کے فضائل واحکام نہایت آسان اورعام فہم انداز میں مختصراورجامع طورپر بیان کئے گئے ہیں۔ حافظ ندیم اظہر حفظہ اللہ نے کتاب کی تخریج وتحقیق اوروضاحت طلب مقامات پرمختصرا نوٹ ذکر کرکے کتاب کی افادیت کو دوچند کردیا ہے۔

  • اردو

    قرآن و حدیث کی روشنی میں فقہی احکام و مسائل: اللہ عزوجل نے یہ کائنات ہست و بود انسان کے لیے بنائی ہے اور انسان کو اپنی بندگی کے لیے پیدا فرمایا ہے۔ ہمارا عظیم خالق خوب جانتا ہے کہ یہ دنیا انسان کو کن طریقوں سے فائدہ پہنچائے گی اور کن کرتوتوں کی وجہ سے شدید نقصانات سے دوچاررکردے گی۔ اللہ تعالیٰ نے یہ باتیں قرآن کریم میں اوامر نواہی کی صورت میں بتلا دی ہیں اور اپنے آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے ذریعے سے سارے عالم پر ہمیشہ کے لیے روشن کر دی ہیں۔علمائے سنت نے ان اوامر و نواہی کو جو کتا وسنت میں بیان ہوئے ہیں،آسان زبان میں ایک ترتیب کے ساتھ امت مسلمہ کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔انہی میں حجاز مقدس کے عظیم اسکالر اور معروف دینی رہنما شیخ صالح بن فوزان حفظہ اللہ بھی ہیں۔زیر نظر کتاب ان کے لیکچرز اور تقاریر کا مجموعہ ہے ،جو ریڈیو پر نشر ہوئے، بعد ازاں انہیں کتابی صورت میں شائع کیا گیا۔اب اسے اردو زبان میں پیش کیا جارہا ہے اس کے مطالعہ سے اہل اسلام اخلاقیات،عبادات اور معاملات کے باب میں اللہ عزوجل کے احکام سے با خبر ہو سکتے ہیں اور ان پر عمل پیرا ہو کر اللہ رب العزت کی رضامندی کے مستحق بن سکتے ہیں۔ (ترجمہ :فاروق اصغرصارمؒ ، تصحیح وتخریج:حافظ اقبال صدیق مدنی حفظہ اللہ،ناشر: دارالسلام لاہور،مجلدین صفحات کی تعداد:932)۔

  • اردو

    زیر نظر کتاب ’’احادیث ضعیفہ کامجموعہ ‘‘ شیخ البانی رحمہ اللہ کی احادیث ضعیفہ اور موضوعہ پر مشتمل کتاب سلسلة احاديث الضعيفة والموضوعة واثرها السي في الامة کی پہلی دوسری اور تیسری جلد کا ترجمہ ہے ۔شیخ البانی نے سلسلة احاديث الضعيفة والموضوعة میں بڑی محنت اور عرق ریزی سے صحیحین کے علاوہ سنن اربعہ اور باقی کتب حدیث میں ان احادیث کو تلاش کر کے ان کا پوسٹ مارٹم کیا ہے او ر ان کی تحقیق کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا اور انہیں جرح وتعدیل کے قواعد کو سامنے رکھتے ہوئے ان پر ضعیف اور موضوع ہونے کاحکم لگایا ہے ۔یہ کتاب اہل علم ،خطباء ،واعظین ،اساتذہ کرام اور ائمہ حضرات کے علاوہ عوام الناس کے لیے بھی بہت مفید اور ضروری ہے۔ کتاب ہذا کے ترجمہ کے فرائض معروف عالم دین مولانا محمد صادق خلیل رحمہ اللہ نے انجام دئیے ہیں یہ کتاب 3 جلدوں پر مشتمل ہے جلداول میں 100 اور جلددوم میں 200 اورجلد سوم میں بھی200 احادیث ہیں ۔ مولانا صادق خلیل رحمہ اللہ نے سلسلة احاديث الضعيفة والموضوعة کی دو جلدوں کےترجمے کا کام مکمل کرلیا تھا او رتیسری جلد کا ترجمہ جاری تھا کہ مولانا 6؍فروری2004ء بروز جمعۃ المبارک اس دارفانی سے کوچ کرگئے۔اللہ تعالی مصنف ومترجم کے درجات بلند فرمائے،اور خدمتِ دین کےلیے ان کی جہود کوقبول فرمائے اور اس کتاب کا نفع عام فرمائے (آمین).

  • اردو

    تاریخ عالَم قبل ازاسلام سے لے کر مغلیہ سلطنت کے آخری تاجدار بہادر شاہ ظفرؒ تک ملّت اسلامیہ کی تیرہ سوسالہ مکمّل تاریخ، ڈھائی ہزار سے زائد صفحات پر افراد اور اقوام کے نشیب وفراز اورعروج وزوال کی داستانوں پر مشتمل مفید علمی کتاب ،جو تاریخ اسلام کی بے شمار کتب سے بے نیاز کردیتی ہے۔ سلیس زبان،عام فہم اور آسان طرزِ بیان، مدارس ،سکولوں، کالجوں اور جامعات کے اساتذہ وطلبا کے لئے یکساں فائدہ مند۔ایک ایسی منفرد تاریخ جس کا ہر اچھی لائبریری اور پڑھے لکھے گھرانے میں ہونا ضروری ہے۔ تالیف:جناب مفتی زین العابدین سجّاد میرٹھی، وجناب مفتی انتظام اللہ شہبانی اکبرآبادی، حفظہما اللہ، ناشر:ادارہ اسلامیّات،لاہور۔