علمی زمرے

معلومات المواد باللغة العربية

سنت کی شرحیں

عناصر کی تعداد: 7

  • اردو

    PDF

    زیر نظر کتاب میں علامہ عبد المحسن العبّاد –حفظہ اللہ- نے حدیث جبریل کی تفصیلی شرح پیش کی ہے جو اسلام ،ایمان اوراحسان پر مشتمل ہے۔اس حدیث کی شان میں امام نووی نے فرمایا ہے:‘‘جان لوکہ اس حدیث میں علوم،آداب اور لطائف کی اقسام جمع ہیں بلکہ یہ حدیث اسلام کی اصل ہے جیسا کہ ہم نے قاضی عیاض سے نقل کیا ہے۔’’ [شرح النووى 1/160] اردوداں حضرات کے استفادہ کیلئے حافظ زبیر علی زئی –حفظہ اللہ – نے اسے اردو قالَب میں ڈھالا ہے۔

  • اردو

    PDF

    ”ضیائے نبوی“ اربعین نووی کے اردو ترجمہ و شرح پر مشتمل نہایت جامع اور ممتاز و منفرد شرح ہے، جو عوام و خواص، علماء و طلبہ اور واعظین و ائمۂ مساجد سب کے لیے یکساں مفید ہے۔ اس کتاب کی چند نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں : ✿ ہر حدیث کی معنوی و مرکزی مضمون کی مناسبت سے دل کش و معنی خیز اور موزوں عنوان بندی کی گئی ہے۔ ✿ ہر حدیث کی ترقیم و متنِ حدیث نئے صفحہ پر دائیں جانب لکھا گیا ہے اور اردو ترجمہ اس کے بالمقابل بائیں جانب رکھا گیا ہے تاکہ حدیث کے الفاظ کو پڑھنے اور ترجمہ کو سمجھنے میں آسانی ہو۔ ✿ احادیث کے ترجمہ اور شرح کی زبان شستہ و سلیس، بامحاورہ، عام فہم اور واضح ہے نیز طرزِ نگارش بھی شگفتہ و دل آویز اور مؤثر ہے۔ ✿ طلبہ کی آسانی کے لیے بعض احادیث کے مشکل الفاظ کی مختصر تشریح و وضاحت بھی کی گئی ہے۔ ✿ ’’شرح و فوائد“ کے عنوان سے ہر حدیث کی جامع انداز میں شرح کی گئی ہے اور جو مباحث و مسائل مزید تفصیل طلب اور توضیح کے محتاج تھے، انھیں قدرے تفصیل سے مدلل قلم بند کیا گیا ہے۔ ✿ پوری کتاب میں وارد احادیث کی مختصر تخریج اور غیر صحیحین احادیث پر محدث عصر و فقیہِ دہر علامہ محمد ناصر الدین البانی اور ماہرِ علوم حدیث شیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہما اللہ کی تحقیقات و افادات پر اعتماد کرتے ہوئے تصحیح و تحسین کا حکم لگایا گیا ہے۔ ✿ پوری کتاب میں کہیں بھی کسی ضعیف حدیث سے استدلال نہیں کیا گیا ہے بلکہ صرف صحیح اور حسن حدیثوں پر اعتماد کیا گیا ہے۔ ✿ قرآنی آیات سورہ و آیت نمبر کی تعیین کے ساتھ مصحف عثمانی سے ضبط کی گئی ہیں اور ان کا ترجمہ بالغ نظر مترجم و مفسرِ قرآن حافظ عبد السلام بھٹوی حفظہ اللہ کی معروف تفسیر ’’تفسیر القرآن الکریم“ کے حوالے سے رقم کیا گیا ہے۔ ✿ اربعین نووی کے تمام راویانِ حدیث کا مختصر اور جامع تعارف پیش کیا گیا ہے۔ ✿ اربعین نووی میں موجود تمام احادیث کے عربی متن کو کتاب کے آخر میں علاحدہ طور پر یکجا کر دیا گیا ہے تاکہ انھیں یاد کرنے میں آسانی رہے۔

  • اردو

    PDF

    "شرح اربعین نووى "شیخ عبد الہادی مدنی حفظہ اللہ کی نہایت ہی عمدہ ,مختصر اور منفرد شرح ہے جسمیں صرف صحیح احادیث کا التزام کیا گیا ہے اور ہر حدیث کے ترجمہ کے بعد فوائد واحکام کا عنوان دے کرنمبروار نقاط کی شکل میں مسائل ومطالب کو بھی بیان کردیا گیا ہے , آسان اور عام فہم اسلوب میں یہ شرح عوام وخواص سب کیلئے مفید ہے ضرور مطالعہ کریں.

  • اردو

    PDF

    پیش نظر کتاب امام بخاری رحمہ اللہ کی شہرہ آفاق تصنیف"صحیح بخاری"کی ترجمہ وشرح ہے جسے شیخ الکل فی الکل سید نذیر حسین محدث دہلوی کے تلمیذ رشید علاّمہ محمد ابوالحسن سیالکوٹی رحمہ اللہ نے ناشر کتاب شیخ فقیراللہ کے ارشاد کے مطابق تالیف فرمائی تھی۔ یہ کتاب پہلی مرتبہ 1870 میں شائع ہوئی تھی اب اسے جدید انداز میں طبع کیا گیا ہے جو شائقین کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔ یہاں ایک بات کی وضاحت مناسب رہے گی کہ اس کتاب کے ٹائٹل پر یہ لکھا گیا ہے کہ یہ حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ کی مشہور شرح بخاری فتح الباری کا ترجمہ ہے ۔لیکن علی الاطلاق یہ بات امر واقعہ کے مطابق نہیں، اصل میں یہ ایک مستقل شرح ہے جس میں فتح الباری کے علاوہ ارشاد الساری،کو اکب الدراری ، تیسیرالقاری، منح الباری ،توشیح اور عمدۃ القاری سمیت بعض دیگر کتب حدیث سے بھی استفادہ کیا گیا جیسا کہ اس کتاب کے صفحہ 6 پر یہ تصریح موجود ہے۔ لہذا اسے فتح الباری کا ترجمہ قرار دینا مناسب نہیں ہے البتہ بعض مقامات پر فتح الباری کا لفظی ترجمہ دیا گیاہے۔ بہرحال دس ضخیم جلدوں میں 30 اجزاء پر مشتمل یہ ترجمہ وشرح طالبان علوم نبوّت کیلئے ایک گرانقدر علمی تحفہ ہے۔ رب کریم، کتاب کے مؤلف، مترجم وشارح، مراجع اور ناشر کو جزائے خیر دے، اور جملہ قارئین کے لئے اسکے نفع کو عام کرے، اور ہم سب کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو اپنی زندگی میں حرزِ جاں بنانے کی توفیق دے۔ آمین!

  • اردو

    PDF

    اللہ تعالیٰ نے اولاد آدم میں سے بہت سے ایسے صاحب عقل و دانش پیدا کیے ہیں جن کا ذکر خیر مشک و عنبر سے زیادہ قیمتی ہے ۔ انہی باہمت ہستیوں میں سے ایک نام علامہ ناصر الدین البانیؒ کا ہے جنہوں نے اپنی ساری زندگی شجر حدیث کی آبیاری کے لیے وقف کیے رکھی۔ شیخ موصوف کے علمی کارناموں کی طویل فہرست میں سب سے نمایاں کارنامہ احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ذخیرہ میں غوطہ زن ہو کر ان کو صحت و ضعف کے اعتبار سے تقسیم کرنا ہے۔ شیخ موصوف نے حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر نہایت وقیع کام کرتے ہوئے کھوٹے اور کھرے کو الگ الگ کیا۔ اس وقت آپ کے سامنے "سلسلہ احادیث صحیحہ" کے نام سے احادیث کا ایسا مجموعہ ہے جس کو شیخ البانی نے صحیح قرار دیا ہے۔ کتاب کو اردو قالب میں ڈھالنے اور فوائد کا تذکرہ کرنے کا فریضہ استاذ الحدیث عبدالمنان راسخ اور ابو میمون محفوظ احمد اعوان نے انجام دیا ہے۔ اس اردو ترجمہ کی خاصیت یہ بھی ہے کہ تمام احادیث کو متعدد ابواب کے تحت یکجا کیا گیا ہے۔ کتاب کے حوالے سے یہ بات ذہن نشین رہے کہ شیخ البانی معصوم عن الخطاء نہیں تھے آپ کے بعض تفردات پر اہل علم نے نقد کیا ہے۔

  • اردو

    PDF

    امام بخاریؒ ﷫ کی شخصیت اور ان کی صحیح بخاری کسی تعارف کی محتاج نہیں. سولہ سال کے طویل عرصہ میں امام بخاری رحمہ اللہ نے 6 لاکھ احادیث سے اس کا انتخاب کیا اور اس کتاب کے ابواب کی ترتیب رياض الجنة میں بیٹھ کر فرمائی اور اس میں صرف صحیح احادیث کو شامل کیا ۔یہی وجہ ہےکہ علماء کا اس بات پر اتفاق ہے کتاب اللہ کے بعد سب سے بہتر کتاب صحیح بخاری ہے. صحیح بخاری کی اسی قدر ومنزلت کی بنا پر بے شمار اہل علم اور ائمہ حدیث نے مختلف انداز میں صحیح بخاری کی شروحات لکھی ہیں ان میں فتح الباری از ابن حافظ ابن حجر عسقلانی ﷫ کو امتیازی مقام حاصل ہے ۔ زیر نظر کتاب "توفیق الباری شرح صحیح بخاری"پروفیسرڈاکٹر عبدالکبیر محسن حفظہ اللہ کی 12 ضخیم مجلدات پر مشتمل عظیم الشان تالیف ہے جسے انہوں نے اپنے والد گرامی مولانا عبد الحلیم (شیح الحدیث جامعہ محمدیہ اوکاڑہ) کے ہدایت کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ مؤلف نے اس میں فتح الباری ، ارشاد الساری ، فیض الباری ، شرح تراجم شاہ ولی اللہ سے استفادہ کرتے ہوئے ان مذکورہ کتب کے تمام اہم مباحث کا خلاصہ اپنے تصنیف میں پیش کردیا ہے یہ کتاب طالبان علوم ِنبوت کےلیے بیش قیمت علمی تحفہ ہے ۔ توفیق الباری کی جلد اول مکتبہ قدوسیہ او ر باقی گیارہ جلدیں مکتبہ اسلامیہ ،لاہور نے شائع کی ہیں.اللہ تعالی فاضل مؤلف کی اس عظیم کاوش کو قبول فرمائے۔ (آمین)(م۔ا)

  • اردو

    PDF

    الإتحاف الباسم في تحقيق وتخريج وشرح موطأ إمام مالك: رواية ابن القاسم [ملخّص القابسي ] (اُردو): "موطأ " دوسری صدی ہجری کے مشہور اور نابغہ ٔ روزگار محدث امام مالک(ت۱۷۹ھ) رحمہ اللہ کی شہرہ آفاق تالیف ہے جسے صحیح بخاری سے پہلے کتاب اللہ کے بعد سب سے بہتر کتاب ہونے کا شرف حاصل تھا ۔ یہ کتاب مرفوع احادیث کے علاوہ بہت سے فقہی احکام پر مبنی فقہاء صحابہ، تابعین اور تبع تابعین کے فتاوی، فیصلہ جات اور اجتہادات سے بھی مالا مال ہے۔اور فقہ اور اصول فقہ کے بارے میں امام مالک رحمہ اللہ کے نقطہ نظر کو واضح کرتی ہے۔ اس کتاب کو امام مالک رحمہ اللہ نے مدینہ کے ستّر فقہاء پر پیش کیا اور سب نے اس پر موافقت فرمائی۔کتاب کی افادیت کے پیش نظر اردو زبان میں اسکے کئی مشہور ترجمے منظر عام پر آئے، مگر حافظ زبیر علیزئی رحمہ اللہ کی ژرف نگاہی نے موطأ امام مالک کے صحیح ترین نسخے کا انتخاب کیا جو امام مالک کے تلمیذ خاص عبد الرحمن بن القاسم المصری کی تلخیص القابسی کی صورت میں موجود تھا۔ مولانا نے اس ملخص کا ترجمہ ہی نہیں کیا بلکہ فقہ الحدیث اور فوائد کا اضافہ کیا اور حدیث کی تخریج کرکے طالبان علوم نبوت کیلئے اس سے بھر پور استفادہ حاصل کرنا آسان بنادیا۔ حدیث کا یہ مجموعہ طالبان علوم نبوت کیلئے یقینا ایک بیش بہا علمی تحفہ ہے۔ رب کریم کتاب کے مؤلف، مترجم، محقق ، ناشر، مراجع کو جزائے خیر دے ، اور جملہ قارئین کے لئے اس کے نفع کو عام کرے۔ اور ہم سب کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو اپنی زندگی میں حرزِ جاں بنانے کی توفیق دے۔ آمین!