علمی زمرے

معلومات المواد باللغة العربية

عقیدہ

عناصر کی تعداد: 259

  • اردو

    PDF

    حیات صحابہ کے درخشاں پہلو : صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نےآغوش نبوت میں تربیت پائی، ان کے سینوں پر انوار رسالتﷺ براہِ راست پڑے اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ ان سے متعلق رضی اللہ عنہم ارشاد فرمایا۔ حضرات صحابہ کرام کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مینارہ نور اور مشعل راہ ہیں اسی کے پیش نظر ان کی زندگی کے لمحات کو قرطاس میں محفوظ کیا گیا اور اس حوالے سے الاصابہ اور اسد الغابہ جیسی ضخیم کتب سامنے آئیں۔ زیر مطالعہ کتاب میں بھی انھی ہستیوں کی زندگی کے حالات و واقعات نقل کیے گئے ہیں۔ "حیات صحابہ کے درخشاں پہلو" ڈاکٹر عبدالرحمان رافت الباشا کی کتاب "صور میں حیاۃ الصحابہ" کا اردو قالب ہے۔ اردو ترجمہ محمود احمد غضنفر نے کیا ہے۔ یہ کتاب بلاشبہ اردو ادب میں ایک گراں مایہ اضافہ ہے اور پڑھنے والوں کے لیے ایسے مواد کی فراہمی ہے جو قلب و ذہن کے تزکیہ کا باعث ہو گی۔ کتاب کی افادیت کا اندازہ اس سے کیجئے کہ یہ متعدد مدارس کے نصاب میں شامل ہے۔ (ع۔م)

  • اردو

    PDF

    العواصم من القواصم (یعنی وہ چیزیں جو ایمان کو توڑدیتی ہیں اور بربادکردیتی ہیں اس سے محفوظ رکھنے والے حقائق): یہ کتاب جسے کبار ائمہ مسلمین میں سے ایک امام قاضی ابوبکر ابن العربی مالکی نے تالیف کیا ہے یہ بتانے کے لئے لکھی گئی ہے کہ اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے صفات وکمالات کو بیان کیا جائے اور ان پر اور ان کے اتباع پر جو ناپاک حملے کئے گئے ہیں ان کی مدافعت کی جائے،گو یہ کتاب حجم کے لحاظ سے بہت چھوٹی ہے لیکن یہ ایک حق کی بجلی ہے جو اپنی چمک سے بد اندیش لوگوں کی دسیسہ کاریاں دکھائے گی اور مسلمانوں کے نوجوان طبقہ کو صحابہ کے دشمنوں کا پتہ دے گی اور ا س سے دشمنانِ صحابہ کی فریب کاریوں کی مثالیں سامنے آجائیں گی اور جنھیں نیکی کی توفیق ارزانی ہوگی وہ حقیقی تاریخ اسلامی کا مطالعہ کرنے کی طرف متوجہ ہوجائیں گے اور اسکے حاملین کی صفاتِ عالیہ کو روشن دیکھیں گے اور انھیں معلوم ہوجائے گا کہ اللہ تبارک وتعالی ٰ نے جو انسانیت کی تاریخ میں ان کے ہاتھوں عظیم انقلاب بپا کرایا واقعی وہ اس معجزہ کے مستحق تھے اور اگر خدانخواستہ صحابہ اور تابعین کی وہ صورت ہوتی جو صحابہ کے دشمنوں نے دکھائی ہے تو یہ ایک نہایت نا ممکن بات ہوتی کہ انکے ہاتھوں پر اتنے فتوحات ہوتے اور اللہ کے دین میں داخل ہونے کیلئے فوج فوج لوگ ان کی آواز پر چلے آتے – تالیف : قاضی ابوبکر ابن العربی ،تعلیق: علّامہ مُحبّ الدین خطیبؒ، ترجمہ: مولانا مُحمّد سلیمان کیلانی، تحشیہ: خالد گرجا کھی

  • اردو

    PDF

    زیر نظر کتاب امیرنایف بن ممدوح آل سعود -حفظہ اللہ – کی عربی تالیف ( فرص كسب الثواب وأكثر من 175 سبب لدخول الجنة ) کا اردو ترجمہ ہے جسے اردوداں حضرات کے استفادہ کیلئے مجلس تحقیقِ اسلامی کے سابق رکن محمد اسلم صدیق-حفظہ اللہ - نے سَر انجام دیا ہے ۔ اس کتاب میں قرآن اور صحیح احادیث سے ثابت شدہ ایسے فضائل اعمال کا تذکرہ کیا گیا ہے جو جنت میں جانے کا سبب اور نہایت آسان ذریعے ہیں۔ اس کتاب کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں صرف مستند احادیث کا تذکرہ کیا گیا ہے اور غالباً علامہ البانی-رحمہ اللہ- کی تحقیق پر اعتما د کیا گیا ہے۔

  • اردو

    PDF

    خصائل محمدى اردو شرح شمائل ترمذی: انسانیت کے انفرادى معاملات سے لے کراجتماعى بلکہ بین الاقوامى معاملات اورتعلقات کا کوئی ایسا گوشہ نہیں کہ جس کے متعلق پیارے پیغمبرصلى اللہ علیہ وسلم نے راہنمائی نہ فرمائی ہو، کتب احادیث میں انسانى زندگی کا کوئی پہلو تشنہ نہیں ہے یعنى انفرادى اور اجتماعی سیرت واخلاق سے متعلق محدثین نے پیارے پیغمبر صلى اللہ علیہ وسلم کے فرامین کی روشنى میں ہر چیز جمع فرمادی ہے- زیر نظر کتاب "شمائل ترمذی" بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جسمیں امام ترمذی رحمہ اللہ نے نہایت محنت وکاوش وعرق ریزی سے سیّد کائنات ،سيد ولد آدم، جناب محمد رسول صلى الله عليه وسلم كے عسرویسر، شب وروز اور سفر وحضرسے متعلقہ معلومات ‏کو احادیث کی روشنى میں جمع کردیا ہے- کتاب پڑھنے والا کبھی مسکراتا اورہنستا ہے تو کبھی روتا اورسسکیاں بھرتا ہے- ‏سیّد کائنات صلى اللہ علیہ وسلم کے رخ زیبا کا بیان پڑھتا ہے تو دل کی کلى کھل جاتی ہے اور جب گزر اوقات پر نظر جاتى ہے ‏تو بے اختیار آنسوؤں کی لڑیاں گرنا شروع ہوجاتی ہیں- خدمت حدیث رسول صلى اللہ علیہ وسلم کے تعلق ومحبت کے جذبے کے تحت شمائل ترمذی کا ترجمہ، تخریج اور فوائد قارئین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے. مترجمین وشارحین جناب علامہ منیراحمد وقار اور مولانا عبدالصمد ریالوى صاحب اورجناب ‏نصیرکاشف صاحب کو اللہ جزائے خیردے، جنہوں نے اپنا اپنا کام بڑی محنت ولگن سے سرانجام دیا- یاد رہے کہ احادیث ‏کی تحقیق ودراسہ میں علمائے متقدمین اورمحدث عصر ناصرالدین البانىؒ کے منہج کو مدّ نظررکھا گیا ہے- اللہ تعالى ان کی جملہ ‏دینی مساعى کو بھی قبول فرمائے اورانکے علم وعمل میں خیروبرکت عطا فرمائے آمین!‏

  • اردو

    PDF

    زیرنظر کتاب " هداية الحيارى في أجوبة اليهود والنصارى" اسلام کے خلاف یہود ونصاری کے جھوٹے پروپیگنڈوں کا نہایت مدلّل اور مسکت جواب ہے- اس کتاب کے مصنف حافظ ابوبکرابن القیم الجوزى رحمۃ اللہ علیہ اسلامی دنیا میں ایک مجدّد کی حیثیت سے تسلیم کیے جاتے ہیں- وہ اپنے استاد شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کے علوم وفنون کے حقیقی ترجمان ،جامع عالم،اسلام کے بہترین مناظراور زبردست صاحب قلم مجتہد اور محدّث تھے-اپنی اس کتاب میں انہوں نے یہود ونصارى کے ایک ایک اعتراض کا بخیہ اُدھیڑ کر رکھ دیا ہے ساتھ ساتھ توراۃ وانجیل پر اپنے گہرے مطالعے کی وجہ سے یہودیوں اور عیسائیوں کی کتب سماویہ میں باطل تحریفات کا پردہ ایسے دل نشیں انداز میں فاش کیا ہے کہ کتاب پڑہ کرجہاں اسلام کی حقانیت کا نقش دل پر جم جاتا ہے وہیں یہودونصارى کی ضلالت پر مہرلگادی ہے- اس کتاب سے اسلامی شریعت کے اُن بینادی مسائل پر نہایت تحقیقی انداز میں روشنی پڑتی ہے جو ہمارے مدارس اوردینی حلقوں میں فراموش کردے گئے ہیں- آج ساری دنیا میں یہودیوں اور عیسائیوں اور دوسری اسلام دشمن طاقتوں نے متحد ہو کراسلام پریلغارکررکھی ہے اور اسلام کو ایک وحشى دین کی صورت میں پیش کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے-اس کتاب کے مطالعے سے ان تمام جھوٹے پروپیگنڈوں کی قلعى کھل جائے گی اور پڑھنے والوں کے دلوں پراسلام کی حقانیت کا نقش دوام ثبت ہوجائے گا-اسلام کا تقابلی مطالعہ کرنے والوں کیلئے یہ کتاب ایک رہنما اورحق کی معلّم ثابت ہوگی- کتاب انتہائی فنى اور تحقیقی ہونے کے باوجود اسکے ترجمہ کی زبان نہایت آسان اورعام فہم ہے- قابل مباركباد ہیں زبیراحمد صاحب جنہوں نے کتاب کے ترجمہ کا حق ادا کردیا ہے- امید ہے کہ یہ مفید کتاب علمی اوردینی حلقوں میں محبت اور عقیدت کی نظرسے پڑھی جائے گی- تصحيح وتقديم: مولانا مختاراحمد ندوى –رحمه الله- (سن طباعت 1414هـ موافق:1993ء)

  • اردو

    PDF

    زیرمطالعہ کتاب میں مصنف حفظہ اللہ نے ہندوپاک میں مروجہ بدعات کا جائزہ لے کرانکا شرعى پوسٹ مارٹم کیا ہے چونکہ مصنف خود بھی پہلے بدعات میں ملوث تھے اللہ کے فضل وکرم سے سنت کی روشن شاہراہ پر گامزن ہوکر بطورخیرخواہی وہمدردی کے جذبہ سے زیرتبصرہ کتاب تالیف فرمائی . نہایت ہی معلومات افزاء اورحقائق کشا کتاب ہے جسکا مطالعہ بدعت میں ڈوبے ہوئے لوگوں کے لئے باعث ہدایت ثابت ہوگا.

  • اردو

    PDF

    اسلامی مہینہ رجب کی بائیس تاریخ کو منائی جانے والی کونڈے بھرنے کی رسم موجودہ دورمیں برصغیرپاک وہند میں کافی شہرت ورواج پاچکی ہے.اوراس رسم کو جعفرصادق رضی اللہ عنہ سے منسوب کردیا گیا ہے جبکہ اس رسم سے انکادور کا بھی واسطہ نہیں ’بلکہ یہ رسم دراصل شیعوں نے کاتب وحی امیرمعاویہ رضی اللہ عنہ کے یوم وفات کی خوشی منانے کیلئے ایجاد کی تھی جسے نام نہاد اہل سنت کہلانے والے مسلمانوں نے بھى اندھی تقلید یا لا شعورى طورپر اپنا لیا- اس رسم کے ساتھ لکڑہارے کی خودساختہ داستان بھی وابستہ ہے- اس کتابچہ میں شیخ محمد صادق خلیل راشدى نے اس رسم کی تردید اور اس سے متعلقہ دیومالائی داستان کے خاص خاص حصوں کا علمی تحقیقی اور عقلی لحاظ سےجائزہ لیا ہے. اللہ تعالى موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کا مطالعہ راہ صواب سے بھٹکے ہوئے مسلمانوں کیلئے ہدایت وروشنی کا ذریعہ بنائے آمین!

  • اردو

    PDF

    زیر مطالعہ كتاب شيعہ مذہب کے عقائد پرمشتمل ہے جسمیں مندرجہ ذیل عناصرکو موضوع بحث بنایا گیا ہے: عقيده بدا , رسالت, آخرت, امامت, خلافت, مسئلہ باغ فدك،اعمال صالحہ، اذان , نماز , متعہ, ماتم حسين وغيره. اس كے علاوه شيعہ حضرات كى غير شيعہ كے متعلق رائے اور دين شيعہ كے مآخذ ومصادركوبھی اختصارًا ذکرکیا گیا ہے.

  • اردو

    PDF

    بے شک گانا بجانا اور قوالی کا سننا حرام ہے اور دل میں نفاق وذکرالہی سے دوری کا سبب ہے اسی لئے شریعت نے اسے حرام قراردیا ہے اور نبی صلى اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:\” میرى امت میں سے ایسے لوگ ضرور پیدا ہونگے جو شرمگاہ [زنا] ’ ریشم ’ شراب اور گانا وموسیقی کو حلال کرلیں گے\”- کتاب مذکور میں اسی سے متعلق کتاب وسنت کی روشنی میں تفصیلی گفتگو کی گئی ہے. نہایت ہی مفید کتاب ہے ضرور مطالعہ کریں اللہ سے دعا ہے کہ ہم سب کو اس مرض سے محفوظ رکھے آمین.

  • اردو

    PDF

    اسلام كی حقّانیت اوراہل سنت وجماعت کی صداقت پر دلائل کا مرقّع لا جواب علمی تحقیقی مقبول عام اور کثیرالاشاعت رسالہ "اسلام اور شیعت کا تقابلی جائزہ " جو در اصل پانچ اہم رسالوں کا مجموعہ ہے: 1- شیعہ حضرات سے ایک سوسوالات. 2- شیعہ کے تمام اعتراضات کا مدلل جواب. 3- عقائد الشیعہ (100 عجیب نظریات). 4- حضرت عمار بن یاسر کی شہادت. 5- تاریخ شیعہ.

  • اردو

    PDF

    زیرنظر کتاب شیعہ حضرات سے کئے جانے والے ان 100سوالات پر مشتمل ہے جن میں تحقیقی اور سنجیدہ طرز گفتگو سے انکے سارے مذہب کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے. اسی طرح شیعہ سنی اختلافات سے متعلقہ ہرموضوع پر سوالات اٹھائے گئے ہیں تاکہ اهل سنت كے عوام , خواص , مناظرين ، محققين علمى اسلحه سے ليس هو كر باطل كى سركوبى كريں اور اس (بلبلہ آب كى حقيقت هر شخص پر عياں هو).

  • اردو

    PDF

    مسلمانوں كے افكار وخيالات ومقاصد ميں اتحاد واتفاق پيدا كرنا اسلام كے اهم تقاضوں ميں سے ہے۔ نيز قوت ، ترقى اور اصلاح كے وسائل ميں سے ہے۔ اور يہ قرب واتحاد اهل اسلام كے افراد اور جماعتوں كے لئے ہرزمان ومكان ميں بهترين خير کا باعث رہا ہے .رسالہ مذکورمیں شیعہ سنی اتحاد اور اسکی ناكامى كے اسباب كو درج ذيل عنوانات كے تحت واضح كيا گياهے: 1- شيعہ سنى افتراق كا بنيادى سبب. 2- مسئله تقيہ. 3-قرآن كريم پر طعن. 4-مصر ميں عيسائى مشنريوں كے لئے شيعوں كا عقيده تحريفِ قرآن اور اس كے اثبات پر كتب كى اشاعت باعث خوشى. 5- اماموں كے غيب دان هونے كا دعوى اور نبی صلى اللہ علیہ وسلم كى وحى كا انكار. 6- اصول اسلام میں شیعہ کا اختلاف7- شیعہ کا مقصد صرف اپنے مذہب کی اشاعت نہ کہ اتحاد کا قیام.

  • اردو

    PDF

    زیرنظر رسالہ میں ڈاکٹرمحمد بن سعد شویعر-حفظہ اللہ- نےٍ ان لوگوں کی ترد ید فرمائی ہے جو شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب تمیمی (ت1206ھ ) –رحمہ اللہ- کی تحریک سلفیت کو عبدالرحمن بن عبدالوہاب بن رستم اباضی خارجی (ت197ھ) کی طرف منسوب تحریک "وہابیت" کے منہج وطریقہ کارسے جوڑتے ہیں.

  • اردو

    PDF

    زیر نظر کتابچہ میں اختصار کے ساتھ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نسب،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش،آپ کی ذمہ داری،جہاد و اجتہاد،بہترین اعمال،عرفات،منیٰ اور مدینہ میں اپنی امت کے لیے الوداعی باتیں،زندوں اور فوت شدگان کے لیے الوداعی گفتگو اور ان جگہوں پر آپ کی وصیتوں کا ذکر،آپ کے مرض کی ابتداء،سختی اور موت کے وقت اپنی امت کے لیے وصیتیں اور الوداعی باتیں اور آپ کا رفیق اعلیٰ کو پسند کرنا،اس کی وضاحت کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو شہادت کی موت نصیب ہوئی،ان کی موت کی وجہ سے مسلمانوں کی پریشانی ،آپ کی میراث،آپ کے حقوق آپ کی امت پر ذکر کیے گئے ہیں۔ہر بحث کے آخر میں ان سے حاصل شدہ اسباق ،فوائد،عبرتوں اور نصیحتوں کا تذکرہ بھی کر دیا گیا ہے۔ نہایت ہی مفید کتاب ہے ضرور مطالعہ کریں.

  • اردو

    PDF

    زيرنظر كتاب میں فاضل مؤلف نے ادیان ومذاہب اورفرقوں کا تفصیل سے تذکرہ کیا ہے’ انکے بانیان کے حالات سامنے رکھے ہیں’ ان ادیان ومذاہب کی ابتداکے متعلق بتایا ہے’ انکے عقائد ونظریات واضح کیے ہیں’ ان کی مقدس کتابوں کا ذکرکیا ہے’ اور مختصر طورپراسلام سے انکا تقابل کیا ہے’ نیز اسلام میں ان باطل گروہوں کے متعلق کیا حکم ہے؟اسے بھی آشکارا کیا ہے –ہرمذہب اور فرقے پرمضامین کے آخرمیں اس مذہب کا خلاصہ بھی پیش کیا ہے-اس کتاب کی اعزاز کیلئے صرف یہی کافی ہے کہ یہ عالم اسلام کی مایہ ناز یونیورسٹی مدینہ منورہ میں گریجویشن طلباء کیلئے بطورنصاب شامل ہے.

  • اردو

    PDF

    زیرنظر کتاب \” تصحیح العقائد بإبطال شواهد الشواهد \”میں علم غیب،حاضروناظر، نور وبشر، رؤیت باری تعالى وغیرہ مسائل پر تفصیلی بحث کیا گیا ہے اورمخالفانہ شکوک وشبہات کا تحقیقی وعلمی جائزہ لیا گیا ہے.نہایت ہی مفید کتاب ہے ضرور مطالعہ کریں.

  • اردو

    PDF

    اور صلیب ٹوٹ گئی:ریاس پٹیر سے عبداللہ بن کر دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے مرد مجاہد کی داستان حیات ہے۔ جس میں انہوں نے بڑے خوبصورت انداز میں اپنے اسلام قبول کرنے کا پس منظر بیان کیا ہے اور اپنے تین سالہ تحقیقی دور کے حالات بھی بیان کیے ہیں۔ خاص طور پر اسلام کو سمجھنے کے لیے انہوں نے مختلف اسکالرز سے ملاقاتوں اورمختلف اسلامی ریسرچ سینٹرز کے دوروں پر مبنی جو رپورٹ تحریر کی ہے وہ بڑی سبق آموز بھی ہے اور دل آزار بھی جسے پڑھ کر ایک مسلمان کی گردن شرم سے جھک جاتی ہے کہ مسلمان کس طرح طرح مختلف گروہوں میں بٹ چکے ہیں ہر ایک کا اپنا اسلام ہے جو دوسرے کے اسلام سے برعکس ہے۔ انہوں نے اپنی اس کتاب میں بڑے اچھے اور مدلل انداز میں عیسائیت اور عیسائی مشنری کا پرد ہ بھی چاک کیا ہے کہ دنیا کو انسانیت کا درس دینے والے خود کس طرح مذہب کے نام پر عورت کا استحصال کر رہے ہیں۔ نہایت ہی مفید کتاب ہے ضرور مطالعہ کریں.

  • اردو

    PDF

    آل واصحاب کی تاریخ کا مطالعہ کیسے کریں؟ زیرنظر کتاب میں مولف حفظہ اللہ نے تاریخی کتابوں سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کے اہم نشانات کو واضح کیا ہے’ خصوصاً ان کتابوں سے جنکا تعلق خلفائے راشدین کی تاریخ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے حالاتِ زندگی اور رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم کے اہل بیت سے ہے- اس کتاب کی تقدیم شیخ عائض القرنی اور شیخ حاتم بن عارف العونی حفظہما اللہ نے پیش کی ہے. نہایت ہی عمدہ کتاب ہے ضرور مطالعہ کریں.

  • اردو

    PDF

    بعض لوگوں کے یہاں یہ غلط تصّور پایا جاتا ہے کہ صحابہ کرام اور آل بیت ایک دوسرے کی دشمنی دل میں چھپائے ہوئے تھے’ یہ دعوی بالکل بے بنیاد اور تاریخ کی تحریف ہے .بلکہ وہ تو ایسے ہیں جسکو اللہ نے بیان کیا ہے کہ : " کہ وہ کافروں پر بڑے سخت اور آپس میں ایک دوسرے پررحم کرنے والے ہیں- [سورة الفتح: 29]. کتابِ مذکورمیں آلِ رسول کی طرف سے صحابہ کرام کی تعریف وتوصیف اور صحابہ کرام کی طرف سے آلِ رسول کی تعریف وتوصیف کے سلسلے میں نہایت ہی اہم نصوص پیش کیے گئے ہیں ’ جس سے واضح طور پر یہ بات معلوم ہوجاتی ہے کہ آل رسول اور اصحاب رسول اپنے دلوں میں ایک دوسرے کیلئے کافی محبت ومودت اور عزت رکھتے تھے.

  • اردو

    PDF

    اہل بیت اور صحا بہ کرام کے تعلقات :بعض لوگ اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ اہل بیت اور صحابہ کے درمیان عداوت ودشمنی اور اختلاف پایا جاتا ہے’ اس غلط فہمی کی وجہ یہ ہے کہ وہ بعض تاریخی روایات کا مطالعہ کرتے ہیں اور سند ومتن میں غورکئے بغیرانکے سطحی اور ظاہری معنی کو بنیاد بنالیتے ہیں’حالانکہ کتنی ہی روایتیں ایسی ہیں جو ہم تک پہنچیں لیکن ان میں سے کوئی بھی صحیح نہیں ہے. اس کتاب میں اہل بیت اور صحابہ کے ما بین پائی جانے والی رشتہ داریوں اور انکے ما بین پائے جانے والے سینکڑوں ایک جیسے ناموں کو بیان کردیا گیا ہے اور یہ ثابت کیا گیا ہے کہ صحابہ کرام اور آل بیت کے درمیان تعلقات نہایت ہی گہرے وخوشگوارتھے.